پاکستان
31 مئی ، 2015

اے این پی رہنما میاں افتخارکو ضلع کچہری نوشہرہ پہنچادیا گیا

اے این پی رہنما میاں افتخارکو ضلع کچہری نوشہرہ پہنچادیا گیا

نوشہرہ .....سابق صوبائی وزیر اوراے این پی کے سیکریٹری جنرل میاں افتخار کو ضلع کچہری نوشہرہ پہنچادیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جائیگی۔اس موقع پر افتخار حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اپنے بیٹے کی شہادت کا غم دیکھ چکا ہوں،ہلاکت جن کے ہاتھوں ہوئی ہے انہوں نے ہی مجھ پر قتل کا دعویٰ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا بلکہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہوں ،الیکشن کے دوران اختیار کیا گیا سسٹم ناکارہ تھا ۔نوشہرہ کے علاقے پبی میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت پرعوامی نیشنل پارٹی کےسیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کو گرفتارکرکے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی کیلئے ضلع کچہری پہنچادیا گیا ہے۔نوشہرہ پبی ون اور ٹو میں کامیابی پر نکلنے والی تحریک انصاف کی ریلی اے این پی کے دفتر پہنچی ، تو کارکنوں کا جوش اور بڑھ گیا۔ اس دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی پی ٹی آئی کارکن حبیب اللہ کو لگی اور اس کی جان لے گئی ۔ علاقے میں کشیدگی پھیلی تو فوج نے پہنچ کر میاں افتخار کو علاقے سے نکالا اور پولیس کی تحویل میں دیدیا ۔ تھانہ پبی میں پہلے ہی جاں بحق کارکن کے والد نے میاں افتخار اور ان کے گارڈ کیخلاف ایف آئی آردرج کرادی تھی ۔حراست میں لیے گئے میاں افتخار حسین کو پبی تھانے سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا ، جہاں سے انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے ضلع کچہری نوشہرہ لایا گیا ہے۔اے این پی کے رہنما نے پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا بیٹا کھوچکے کسی اور سے بیٹا چھیننے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔

مزید خبریں :