02 جون ، 2015
کوئٹہ .......وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دشمن پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ہمسایہ ملک نے منصوبے پر چین سے بھی تحفظات کا اظہار کیا ،دشمن کا مقصد بلوچستان میں آپس کی لڑائی پھیلانا ہے ۔کوئٹہ میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی قیادت سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ افسوسناک واقعہ ہے ،دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے ، دشمن قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے،حکومت اور اپوزیشن لیڈر شپ نے انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ بطور پاکستانی ہمارا نصب العین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ ہم ایک دوسرے کیخلاف نفرت کو ہوا دیں ، دہشتگردی سے پاکستان کو 110بلین ڈالرز کا معاشی نقصان ہوچکا،ڈھائی تین برس پہلے کے مقابلے میں آج کے حالات بالکل بہترین نہیں تو کافی حد تک بہتر ہیں۔ان کا کہناتھاکہ ہم نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ حالات کو بالکل معمول پر لائیں گے ،اچھے دنوں کی واپسی کی کوشش میں سیاسی اور فوجی لوگ سب شامل ہیں ، آپریشن ضرب عضب شروع ہوا تو سارے دہشتگرد بوریا بستر لپیٹ کر بھاگ گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے اس بات کی کہ اقتصادی راہداری پر سب پارٹیوں نے اتفاق کیا ہے ،سب ہی میچور سیاست کی طرف جارہے ہیں،آئینی ترمیم ، آرمی کورٹس، نیشنل ایکشن پلان ، سب پر ساری لیڈر شپ نے متفقہ فیصلہ کیا ۔ان کا مزید کہناتھاکہ ہماری یکجہتی کو ہمارے دشمن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ،اقتصادی راہداری پر بھارتی مخالفت سے ان کے عزائم کا اندازہ لگایا جاسکتاہے،کچھ پتہ نہیں کہ ان کے پیچھے کس قسم کے عناصر ہیں،یہ لوگ ملکی ہیں یا غیر ملکی یا ایسے جن کا اپنا ایجنڈا ہے ، دہشتگردی کیخلاف جو بھی بڑا فیصلہ کئے انہیں پورا کرنا ہے۔