07 جون ، 2015
سہیون .......حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر سیہون میں گرمی اور لو لگنے سے مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔2 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی۔ سیہون میں حضرت لال شہباز قلندرکے عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کی گرمی سے ہلاکتوں کا سلسلہ اس سال بھی جاری ہے ۔عرس کے 2 دن کے دوران گرمی کی شدت سے اب تک 17 زائرین جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ سیہون میں گرمی کی شدت بھی آئے دن بڑھتی چلی جارہی ہے ، شدید گرمی اور لو لگنے سے آج7 افراد جان کی بازی ہار گئے، اڑل واہ نہر میں نہاتے ہوئے بھی ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ حضرت لال شہباز قلندر کے عرس کے پہلے دن ، یعنی گزشتہ روز گرمی اور لو لگنے سے10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، جاں بحق ہونے والے کئی افراد کی موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا بھی بتائی گئی۔ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو کل ہی بھیج دی گئی تھیں ، آج جو 7 لوگ گرمی کے باعث جان سے گئے ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جارہی ہیں ۔