11 مئی ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں مسلم لیگ ن بلوچستان کے زیراہتمام گو گیلانی گو ریلی نکالی گئی اور جلسہ منعقد کیا گیا، ریلی اور جلسہ میں حکومتی پابندی کے باوجود اسلحہ کی کھلے عام نمائش بھی کی گئی۔ ن لیگ کے زیراہتمام گو گیلانی گو ریلی کا آغا کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن سے ہوا جو کہ مختلف شاہراہوں سے باچاخان چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں جلسے کا انعقاد کیاگیا۔ جلسہ اور ریلی میں پارٹی کارکنوں کے علاوہ، مختلف گاڑیوں پر سوار بڑی تعداد میں اسلحہ بردار بھی شریک تھے اور اس موقع پر اسلحہ کی کھلے عام نمائش بھی کی گئی تھی، دوسری جانب اسلحہ کی نمائش کے حوالے سے ترجمان صوبائی صدر ن لیگ سردار ثناء اللہ زہری نے جیو نیوز کو بتایا کہ ن لیگ کی ریلی میں اسلحہ کی نمائش نہیں تھی بلکہ اس میں شریک اسلحہ بردار سردار ثناء اللہ زہری کے ذاتی گارڈز ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان میں سردار ثناء اللہ زہری سمیت متعدد قبائلی سردار نجی گارڈز اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔