11 مئی ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا کی جیلوں میں موبائل فونز کے داخلے اور استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور صوبے کی جیلوں میں سیکیورٹی کا خصوصی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ کی ہدایت پر پشاور میں آئی جی جیل خانہ جات کی سربراہی میں جیل سپرنٹنڈنٹس کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں دیگر امور کے علاوہ خصوصاً سیکیورٹی کے معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں جیلوں کے اندر موبائل فونز کے داخلے اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے اور خلاف ورزی کرنے والے عملے اور قیدیوں کو سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ ضلعی پولیس افسر اور جیل سپرنٹنڈنٹ مل کر متعلقہ جیل کی سیکیورٹی کا منصوبہ تیار کر کے ایک ماہ میں محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔ دوسرے صوبوں سے قیدیوں کا تبادلہ محکمہ داخلہ کی اجازت کے بغیر نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں قیدیوں کی بحفاظت رہائی اور ہفتے کی سرکاری چھٹی کے دن بھی قیدیوں کی رہائی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹس کو ماتحت عملے کی نگرانی سخت کرنے اور پاکستان پریزنرز رولز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔