11 مئی ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے وزارت پانی و بجلی کو پنجاب میں تاخیر کے شکار نندی پور پاور پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ایشو پر ایوان صدر کا اجلاس ایگزیکٹو کیلئے بریک ڈاوٴن ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں نندی پور اور چیچو کی ملیاں پاور پراجیکٹس میں تاخیر کیخلاف کیس کی سماعت کی، مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے یہ مقدمہ دائر کررکھا ہے۔ عدالت نے وزارت پانی و بجلی کو تحریری حکم میں کہا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ بجلی بحران اتنا شدید ہوگیاکہ صدر کو اجلاس بلانا پڑا، یہ معاملہ تو ایگزیکٹو کا تھا، صدر کا اجلاس بلانا بریک ڈاوٴن ہے۔ وزارت قانون کے وکیل خالد رانجھا نے کہاکہ وہ کچھ اعتراضات داخل کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت دیتے ہوئے عدالت نے یہ ہدایت بھی کی کہ ان ذمہ داروں کی فہرست بھی دیں جو دونوں پاور پراجیکٹس میں تاخیر کی وجہ بنے۔ کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔