پاکستان
12 اگست ، 2015

بابا بلھے شاہ کی نگری میں گھناؤنا جرم الم ناک ہے،جسٹس منظور ملک

بابا بلھے شاہ کی نگری میں گھناؤنا جرم الم ناک ہے،جسٹس منظور ملک

لاہور......چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ منظوراحمد ملک نے قصور زیادتی کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ دنیا بھر میں امن اور پیار کا پیغام دینے والی بابابلھے شاہ کی نگری میں بچوں کے ساتھ ایسا گھناؤنا جرم سرزد ہونا بہت المناک اور قابل مذمت ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قصور واقعے کےخلاف کیس کی سماعت کی، آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، ہوم سیکرٹری اعظم سلمان خان اور جے آئی ٹی کے سربراہ سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار آفتاب باوجوہ نے استدعا کی کہ جے آئی ٹی کا سربراہ آئی ایس آئی یا آئی بی کا اعلیٰ افسر لگایا جائے جس پر چیف جسٹس منظور احمد ملک نے ریمارکس دیے کہ عدالتیں قانون کے مطابق کام کرتی ہیں کسی کی خواہشات پر نہیں، قانون میں جے آئی ٹی کا سربراہ پولیس افسر ہی ہوتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایاکہ 30 سے 40 متاثرین ان کے پاس آئے، کچھ لوگوں نے درخواستیں بھی دیں، جس پر 7مقدمات درج کرکے 15میں سے12نامزد ملزموں کو گرفتارکرلیا گیا ہے، 3 کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ عدالت کے استفسار پر آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ جو ویڈیو کلپس ملے ہیں ان کی بنیاد پر ملزموں کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے جے آئی ٹی کے سربراہ سے 20اگست تک تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :