12 اگست ، 2015
اسلام آباد .......ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ لاجز میں طویل مشاورت اور اپنے قائد الطاف حسین کی ہدایت کے بعد اپنی رکنیت سے استعفے دینے کے لیے قومی اسمبلی پہنچے۔ فاروق ستار کی قیادت میں پہلےایوان میں آئے جہاں ڈاکٹرفاروق ستارنے خطاب کیااور قومی وصوبائی اسمبلی اور سینٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ ایم کیوایم کے ارکان نے فاروق ستار کی قیادت میں اسپیکر چیمبر جاتے وقت خوب نعرے بازی بھی کی اورپھراسپیکر آفس میں پہنچ کر ڈاکٹر فاروق ستار نے اسپیکر کے سامنے استعفٰے پیش کردیئے۔ اسپیکر قومی اسمبلیسردار ایاز صادق نے پوچھا کہ کیاآپ اپنی مرضی سےمستعفی ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا جواب تھا جی ہاں۔ استعفیٰ دینے کے لئے ایم کیوایم کے 23 ارکان موجود تھے، ایک رکن قومی اسمبلی ثمن جعفری بیرون ملک ہونے کے باعث مستعفی نہ ہوسکیں۔ اسپیکر چیمبر میں تمام ارکان باری باری اپنے استعفےپیش کرتے رہے اور اسپیکر ان سے دستخط اصلی ہونے اوربغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دینے کے سوالات کرکے استعفوں کی تصدیق کرتے رہے۔ اسپیکرنے استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل کرکے انہیں مزید پراسیس کے لئے اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوادیا ہے تاہم ابھی ان استعفوں کی منظوری اور الیکشن کمیشن سے ڈی سیٹ ہونے کا فیصلوں کا انتظار باقی ہے۔