12 اگست ، 2015
راولپنڈی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے، چھپے ہوئے دہشت گردوں کو بھی بہت جلد ختم کر دیا جائے گا، کمانڈرز یقینی بنائیں کہ دہشت گردوں کا ان کے دوستوں سے رابطہ ہو اور نہ ہی بیرونی امداد مل سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں پیش رفت کو سراہا جبکہ انتہائی مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پاک فوج کے جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ فوجی دستوں سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے، ایجنسی کے چند علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کو بھی بہت جلد ختم کر دیا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف نے وادی شوال سمیت دیگر حصوں میں متوقع آپریشنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کا ان کے دوستوں سے رابطہ مکمل طور پر ختم کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ دہشت گردوں کو بیرونی امداد نہ ملے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک میں کوئی جگہ نہیں ملے گی، ملک کے یہ دشمن اور ان کے سہولت کار اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بڑی قربانیاں دے کر آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔