13 اگست ، 2015
کراچی........کراچی کے علاقے کورنگی میں گزشتہ روز چار پولیس اہلکاروں کے قتل کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ملزمان نے مکمل ریکی کے بعد اہلکاروں پر حملہ کیا۔شک کی بنیاد پر تین افراد حراست میں لے لئے گئے۔رواں سال شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد اکسٹھ ہوگئی۔کراچی میں پولیس ایک بار پھردہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔کورنگی ساڑھے پانچ نمبر میں ہوٹل پر کھانا کھاتے ہوئے اہلکاروں پر حملے میں پولیس کے چار جوانوں کی شہادت کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق اس ہوٹل پر دوپہر کا کھانا پولیس پارٹی کا معمول تھاجس کے باعث انھیں مکمل ریکی کے بعد دہشت گردی کا نشانہ بنا یا گیا ہے۔ملزمان کی موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ نہیں تھی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے خول فارنزک ٹیسٹ کے لئے بھجوادیئے۔تفتیشی افسران کے مطابق دو ملزمان نے شلوار قمیض اور ایک نے پینٹ شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مختلف پہلو پر کی جانے والی تفتیش میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کو بھی زیر غور رکھا گیا ہے۔زمان ٹاؤن پولیس نے رات گئے کورنگی کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے ہیںجس میں 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔شہر میں رواں سال اکسٹھ پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیںجن میں 3 ڈی ایس پی ، 3 سب انسپکٹر اور آٹھ اے ایس آئی شامل ہیں۔