پاکستان
21 اگست ، 2015

کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

راولپنڈی......... کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، عدالت نے کسٹم حکام کو ایان علی کے خلاف مکمل چالان پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ کسٹم جج رانا آفتاب کہتے ہیں کہ مکمل چالان کے بغیر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی ۔ ماڈل ایان علی ضمانت پر رہائی کے بعد دوسری بار گارڈز کے حصار میں راولپنڈی کچہری پہنچیں ۔ کسٹم عدالت راولپنڈی کے جج رانا آفتاب نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی ۔پراسیکیوٹر امین فیروز عدالت میں پیش ہوئے ، ایان علی کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ کسٹم کی تفتیشی ٹیم نےہمارے گواہان پراپرٹی ڈیلر ممتاز اور پلاٹ کے خریدار محمد اویس کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیئے ہیں۔ہمارے گواہان اہم تھے ، انہیں ملزم ٹھرا دیا گیا ہے ۔کسٹم حکام نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس لئے انکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا کہا ہے لیکن وہ مفرور ہیں ۔ایان علی کے خلاف نامکمل چالان پیش کرنے پر جج رانا آفتاب نے کسٹم حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو شریک ملزم بنانا ہے تو چالان میں واضع طور پر لکھیں ، مکمل چالان کے بغیر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے کسٹم حکام کو ماڈل ایان علی کے خلاف مکمل چالان مکمل پیش کرنے سمیت دونوں ملزمان کے بیانات قلمبند کرنے کی ہدایت کی ، ایان علی کے وکیل نےعدالت سے استدعا کی کہ لطیف کھوسہ سپریم کورٹ سے جنرل ایڈجسٹمنٹ پر ہیں، سماعت 27 اگست کے بعد تک ملتوی کی جائے۔ کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر رکھا تھا، تاہم آج بھی ایان علی پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ۔آئندہ سماعت 4 ستمبر کو ہو گی۔

مزید خبریں :