پاکستان
18 مئی ، 2012

لاء اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہو گا، جس میں مختلف قوانین میں ترامیم کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق کل سپریم کورٹ بلڈنگ میں ہونیوالے لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں معاشرے کی تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے لاء ریفارم سے متعلق تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کریمنل پروسیجر کوڈ 1898ء کے سیکشن 426 اور 497 میں ترامیم پر بھی غور ہوگا، ان سیکشنز کے تحت جیل میں قید حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی ماوٴں کو ضمانت کی سہولت حاصل ہوگی۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل، چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ، چاروں صوبائی چیف جسٹسز اور سیکریٹری قانون شریک ہو ں گے جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اقبال حمید الرحمان کو خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :