17 ستمبر ، 2015
اسلام آباد......قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اعلان کر دے کہ سندھ کے سوا کہیں کرپشن نہیں، یا رینجرز کےذریعہ بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ کاکہنا ہےکہ کارگل واقعے پر پرویز مشرف کا کورٹ مارشل ہو سکتا ہے، سینیٹ سے ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملوں پر چیئرمین سینٹ کل (جمعے کو) رولنگ دیں گے، کسان پیکیج تحریری صورت میں نواز شریف کے سامنے رکھ دیا جائے تو وہ خودبھی اسے نہیں سمجھ سکتے، حکومت کواگر کسانوں سے ہمدردی ہے توفصلوں کی امدادی قیمت مقررکرے۔
اسلام آبادمیں میڈیا کےنمائندوں سے با ت چیت میں خورشیدشاہ نے کہا کہ نواز شریف کو نہیں نظام کو بچانا چاہتے ہیں، نوازشریف کو فائدہ پہنچتا ہے تو پہنچتا رہے، نواز شریف ناکام ہوئے تو الیکشن میں عوام دوسرے لوگوں کو منتخب کریں گے جوپیپلزپارٹی سمیت سب جماعتوں کی کامیابی ہے۔
ایک سوال کےجواب میں خورشیدشاہ نےکہاکہ اگر کبھی کسی ڈکٹیٹر کے ٹیک اوور کرنے سے ملک کا فائدہ ہوا ہو تو انہیں بھی بتایاجائے، جنرل راحیل شریف کی مقبولیت پر کوئی اعتراض نہیں، ان کے پوسٹرز اور بینرز سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
قائدحزب اختلاف نےکہاکہ سیاستدانوں کوکرپشن کے گندے تالاب میں چھلانگ نہیں لگانی چاہیے، سپریم کورٹ کی طرف سے وزیر اعظم،اپوزیشن لیڈر اور دیگر سیاستدانوں کو نوٹس دینے کی اطلاعات ہیں، اگر ایسا ہوا تو عدالتوں میں ضرور جائیں گے۔