17 ستمبر ، 2015
کراچی ........اچھا دکھتا ہے تو اچھے داموں بکتا ہے، کراچی کی مویشی منڈی میں سجے سنورے جانور خریداروں کے اور بیوپاری منہ مانگے داموںکے منتظر ہیں۔سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے۔
ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت جانور عوام کی توجہ کا مرکز ہے ۔کراچی کی مویشی منڈی میں بیوپاری اپنے جانوروں کو انمول بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہیں جانوروں کو ہار پہنائے جا رہے ہیں، انہیں پھولوں سے سجایا جارہا ہے تو کہیں اُن سے خوب پیار جتا یا جارہا ہے۔
سہراب گوٹھ منڈی میں کئی سال سے جانوروں کو سجانے کا سامان فروخت کرنے والے کہتے ہیں کہ کم قیمت میں جانور کی خوبصورتی کو بڑھاتے جھومر، جھانجھر، ہار اور دیگر اشیاء کی فروخت ان دنوں بہت بڑھ جاتی ہے۔
خریدار بھی سب سے پھرتیلے اور خوبصورت جانور کی تلاش میں منڈی کے چکر لگاتے ہیں۔ منڈی میں زیریں پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع سے خوبصورت اور صحت مند مویشی بناؤ سنگھار کے بعد اپنے دام خود بڑھا رہے ہیں۔