06 اکتوبر ، 2015
کراچی........بلدیاتی انتخابات کے لیے کراچی میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ امیدوار کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کاغذات جمع کروانے کی مدت میں تھوڑا سا اضافہ کردے تو آسانی ہوگی۔
اس سال سندھ میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں ہورہے ہیں، کراچی کا نمبر تیسرے مرحلے میں آئے گا ۔ شہر کے 6اضلاع میں 60 ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں236 یونین کونسلوں اور کمیٹیوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاعمل شروع ہوگیا ہے جو 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
امیدواروں کا گلہ ہے کہ 2013 میں جب بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوا تو انہوں نے اُس وقت بھی دو ہزار روپے جمع کروائے تھے ، جبکہ اب بھی وہ اسی نشست کے لئے الیکشن لڑیں گے لیکن اب دوبارہ انہیں دو ہزار روپے جمع کروانے پڑرہے ہیں ۔
کاغذات کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف درخواستیں 30اکتوبر تک دائر کی جاسکیں گی ، ان درخواستوں پر فیصلہ پانچ نومبر تک سنایاجائے گا ، امیدواروں کی حتمی فہرست 7 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات تین دسمبر کو ہوں گے۔