18 اکتوبر ، 2015
نیویارک........اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے یورپ میں تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی صورتحال کو "عالمی یکجہتی کا بحران" قرار دیا ہے۔
انھوں نے روم میں سینٹ ایجیڈیو کمیونٹی شیلٹرمیں پناہ گزینوں اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی کہانیاں دل شکستہ ہیں اور وہ انھیں "امید دلانا" چاہتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انھیں یورپی یونین کے ملکوں کے چیلنجز کا ادراک ہے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ، بھوک، افلاس اور امتیازی سلوک سے بھاگے لوگوں کے لیے پرعزم قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہیئے۔اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق رواں سال اب تک چار لاکھ سے زائد لوگ مشرق وسطی، افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک سے جنگوں اور غربت سے فرار ہو کر یورپ پہنچے ہیں۔