19 اکتوبر ، 2015
دمشق........شام میں باغیوں کے ساتھ لڑائی کے دوران ایران کی فوج کا ایک کرنل مارا گیا ،مقتول ایرانی فوجی افسر کی شناخت مسلم خیزاب کے نام سے کی گئی ہے جو پاسدارن انقلاب کے زیرانتظام ایک بریگیڈ کا سربراہ تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی کرنل خیزاب کو شمال مغربی شام میں اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ مشاورتی مہم میں شامل تھے تاہم قتل کے مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
ایرانی خبر رساں اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کرنل پاسداران انقلاب کے عسکری مشیروں میں شامل تھے جو ان دنوں شام میں صدربشارالاسد کی افواج کی عسکری رہ نمائی میں مصروف تھے۔
یاد رہے کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران اب تک کم سے کم 21 ایرانی فوجی اور ایران سے بھجوائے گئے افغان اوردیگر غیرملکی جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے انکشاف کیا کہ شام میں حلب اور دوسرے شہروں میں کم سے کم 2000 ایرانی فوجی اور ایران سے بھجوائے گئے جنگجو شامی اپوزیشن فورس کے ساتھ لڑائی میں شامل ہیں۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ شام میں لڑنے والے ایرانی جنگجو یا تو براہ راست ایران کی پاسداران انقلاب کے ماتحت ہیں یا عراقی گرپوں اور لبنانی حزب اللہ کی معیت میں لڑ رہے ہیں۔