دنیا
19 اکتوبر ، 2015

افغان طالبان کا امریکی ایف سولہ پر حملہ ،طیارے کو شدید نقصان

افغان طالبان کا امریکی ایف سولہ پر حملہ ،طیارے کو شدید نقصان

کابل.......طالبان نے مشرقی افغانستان میں ایک امریکی ایف-16 جنگی طیارے پر حملے کا دعوی کیا ہے ۔امریکی حکام نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ لاکھوں ڈالرز کے جدید طیارے کو حملے میں شدید نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق، طالبان کے زیر اثر پکتیکا صوبے کے ضلع سید کرم میں ہونے والے حملے کے بعد اڈے پر واپس آنے سے قبل طیارے سے فیول ٹینک اور اسلحہ گرانا پڑا۔

طالبان نے منگل کی شام ٹوئٹر پر جاری بیان میں اس طیارے کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔ تاہم، امریکی فوج نے رابطہ کرنے پر کہا کہ ان کے پاس طالبان کے دعوے کی حمایت میں کوئی آپریشنل رپورٹ نہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کو ملنے والی تصاویر پر لندن سے کام کرنے والے ایک آزاد مبصر نے بتایا کہ طیارے سے فیول ٹینک ، ایک فضا سے زمین پر مار کرنے والے ایک میزائل اور دو ان گائیڈڈ بم گرائے گئے۔

تصاویر میں نقاب پوش عسکریت پسند گرانے جانے والے ٹینک اور بموں کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔امریکی فوج کو جب یہ تصاویر دکھائی گئیں تو انھوں نے ہفتے کو رات گئے ایک بیان میں کہا 13 اکتوبر کو ایک امریکی ایف-16 طیارے پر پکتیکا میں چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس سے طیارے کو نقصان پہنچا۔

بیان کے مطابق، پائلٹ نے اڈے پر محفوظ لینڈنگ سے قبل دو فیول ٹینک اور تین میونیشنز گرائے۔ حملے میں پائلٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔یاد رہے کہ 2001 میں امریکا کی قیادت میں نیٹو فورسز کے افغانستان پر حملے کے بعد طالبان چھوٹے ہتھیاروں سے کئی فوجی ہیلی کاپٹر گرا چکے ہیں، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے جب جدید ترین اور تیز رفتار لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

مزید خبریں :