دنیا
20 اکتوبر ، 2015

یونان پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ سےمتجاوز

یونان پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ سےمتجاوز

نیویارک........اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے کہاہے کہ رواں برس یونان پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ان پناہ گزینوں میں سے زیادہ تر کا تعلق شام، عراق اور افغانستان سے ہے جو ان ممالک میں خانہ جنگی، تشدد اور خراب حالات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں کے مطابق سرد موسم کے باوجود لیسبوس، چیئوس اور ساموس کے یونانی جزائر کا رخ کرنے والے افراد کی تعداد کم نہیں ہو رہی ہے۔ ان جزائر پر گذشتہ چار دن کے دوران 35 ہزار پناہ گزین پہنچے ہیں۔

یونانی حکام نے ان جزائر پر حالات قابو میں رکھنے کے لیے مزید پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں جبکہ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ وہاں حالات ناگفتہ بہ ہیں۔

پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارے نے ایک مرتبہ پھر یونان پہنچنے والے افراد کے لیے استقبالیہ مراکز قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارے نے کہا کہ اگر ایسے مراکز فوری طور پر قائم نہ کیے گئے تو یورپی ممالک کی جانب سے پناہ گزینوں کی آباد کاری کا طے شدہ منصوبہ ناکام ہو جائے گا۔یورپی یونین کے منصوبے کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار تارکینِ وطن کو اٹلی، یونان اور یورپی یونین کے دیگر ممالک میں تقسیم کیا جائے گا۔

مزید خبریں :