15 نومبر ، 2015
کراچی......کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون ، کھارادر اور کورنگی میں پولیس کے ساتھ مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئےجبکہ اورنگی ٹائون کے علاقے میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
اتحاد ٹائون میں پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش واحد عرف بش کے اڈے پر چھاپا مارا تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کردی ۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم نسیم گل اور علیم اللہ عرف خان ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان کا ساتھی فاروق فرار ہوگیا،ملزمان کے قبضے سے 2 پسٹل،2 ہینڈ گرنیڈ اور 5 کلو چرس برآمد کی گئی ۔ ہلاک ملزمان قتل ، بھتاخوری سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث تھے ۔
کھارادر کے علاقے کھجور مارکیٹ میں ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔
باغ کورنگی کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ملزم محمد الیاس ہلاک ہوگیا، ملزم گھر میں ڈکیتیوں کے دوران، خواتین کے ساتھ زیادتی میں ملوث تھا ، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
اورنگی ٹائون کے علاقے پاکستان بازار میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔