18 نومبر ، 2015
شارجہ .......انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم انتظامیہ اوپنر احمد شہزاد کے ساتھ جو سلوک کررہی ہے۔ اس پر وہ خوش دکھائی نہیں دیتے لیکن انہوں نے ٹیم کے وسیع تر مفاد میں اپنے جذبات کو کنٹرول کررکھا ہے۔ وہ حساس معاملے پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
پاکستان کی سیریز کے لئے آیا ہوا برطانوی میڈیا بھی احمد شہزاد کو نہ کھلانے پر حیران ہے۔ اوپنر احمد شہزاد کی مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ تین ٹیسٹ میچوں کے بعد مسلسل تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم انتظامیہ نے انہیں کھلانے سے گریز کیا۔
احمد شہزاد موجودہ سیریز میں کپتان اظہر علی اور کوچ وقار یونس کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ وہ پانی پلانے کی ذمے داریاں نبھائیں گے اور ٹی ٹوئینٹی میچوں میں شاہد آفریدی کی موجودگی میں انہیں موقع دیا جائے گا۔