دنیا
19 نومبر ، 2015

سینائی:داعش نے تباہ شدہ طیارے میں رکھے بم کی تصویر جاری کردی

سینائی:داعش نے تباہ شدہ طیارے میں رکھے بم کی تصویر جاری کردی

قاہرہ........داعش نے مصر کے شورش زدہ علاقے شمالی سینائی میں دوران پرواز تباہ ہونے والے روس کے مسافر طیارے میں رکھے گئے بم کی تصویر جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ طیارے میں یہ بم مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ کے ہوائی اڈے پرسکیورٹی کو جل دے کر پہنچایا گیا تھا۔

داعش کے آن لائن میگزین دابق میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گروپ نے پہلے عراق اور شام میں امریکا کی قیادت میں اتحاد میں شامل ممالک میں سے کسی ایک کا طیارہ تباہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اس کے بعد انھوں نے روس کی جانب سے 30 ستمبر کو شام میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے آغاز پر اپنا یہ منصوبہ تبدیل کر لیا اور اس کے شرم الشیخ سے سے پرواز کرنے والے ایک طیارے کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ میگزین میں سوفٹ ڈرنگ شیویپس گولڈ کے کین کی ایک تصویر شائع کی گئی ہے۔

اسی کین میں بم فٹ کیا گیا تھا۔تصویر کے نیلے پس منظر میں ایک ڈیٹونیٹر اور سوئچ بھی نظر آرہا ہے۔اس کے علاوہ واقعے میں مرنے والے روسیوں کے چند ایک پاسپورٹس کی ایک تصویر بھی شائع کی گئی ہے اور ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ مجاہدین کو ملے تھے۔

ان تصاویر کی فوری طور پر تصدیق ممکن نہیں ہے۔داعش نے بدھ کو یہ بھی اطلاع دی ہے کہ انھوں نے چین اور ناروے سے تعلق رکھنے والے دو یرغمالیوں کو قتل کردیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز روس نے پہلی مرتبہ اس امر کی تصدیق کی تھی کہ سینائی میںمسافر طیارہ بم دھماکے کے نتیجے میں تباہ ہوا تھا۔

مزید خبریں :