24 نومبر ، 2015
تہران ..........روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایران ایک قابل اعتبار اتحادی ہے ،روس اپنے اتحادیوں کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپتا، ہمارے درمیان اگر اختلاف ہوا بھی تو اسے بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
ایرانی میڈیاکے مطابق روسی صدر نے گزشتہ روز ایران کےسپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی۔ پیوٹن کا کہنا تھا کہ ایران ایک قابل اعتبار اتحادی ہے اور روس اپنے اتحادیوں کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپتا۔
روسی صدر کا یہ بیان ان خبروں کی تردید معلوم ہوتا ہے جس میں شام سے متعلق ایران اور روس کے نقطہ نظر میں اختلافات کی باتیں سامنے آ رہی ہیں اور عندیہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایران کے مفاد کو تج کر ماسکو شامی بحران کے بین الاقوامی حل کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔
ایران کی ایک نیوز ایجنسی کے مطابق روسی صدر نے اپنے ایرانی اتحادیوں کو یقین دلایا کہ وہ رابطہ کاری کے ساتھ کسی بھی معاملے پر اختلافات کے حل میں یقین رکھتا ہے،ہم جو کچھ کہہ رہے ہیں، اس کے پابند ہیں۔بعض لوگوں کی طرح اپنے اتحادیوں کی پیٹھ میں چھرا نہیںگھونپتے ۔