Time 22 اپریل ، 2025
دنیا

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی موت کی وجہ سامنے آگئی

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی موت کی وجہ سامنے آگئی
فوٹو: فائل

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی موت کی وجہ سامنے آگئی۔

پیر کو  پوپ فرانسس جن کا نام خورخے ماریو برگولیو تھا کی 88 برس کی عمر میں انتقال کی تصدیق کی گئی۔

پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور انہیں14 فروری کو سانس کی شدید تکلیف کے باعث روم کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، نمونیا کے باعث 5 ہفتے اسپتال میں گزارنے کے بعد پوپ فرانسس گزشتہ ماہ ویٹی کن لوٹے تھے۔

طویل بیماری کے بعد صحتیاب ہو کراسپتال سے ڈسچارج ہونے والے پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے۔

پوپ فرانسس کی موت کی وجہ کیا بنی؟

پیرکو ویٹی کن کی جانب سے پوپ فرانسس کے انتقال کا باضابطہ بیان جاری کر دیا گیا اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں ان کی موت کی وجہ بھی بتائی گئی۔

ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق پوپ فرانسس کا انتقال پیر کی صبح 7 بج کر 35 منٹ پر ہوا۔موت کے وقت پوپ فرانسس ویٹی کن میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں موجود تھے۔

ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق پوپ فرانسس کا انتقال دماغی فالج (cerebral stroke) اور ہارٹ فیل ہونے سے ہوا۔

ڈیتھ سرٹیفکیٹ  میں بتایا گیا کہ پوپ فرانسس انتقال سے پہلے کوما میں چلے گئے تھے، پوپ کی موت کی تصدیق ایکو کارڈیوگرام کے ذریعے کی گئی۔

ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق پوپ فرانسس کو ہائی بلڈ پریشر،پھیپھڑوں کی ایک دائمی بیماری اور ٹائپ 2 ذیابیطس بھی لاحق تھی جنہیں اس سے پہلے ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

پوپ فرانسس کا وصیت نامہ

ویٹی کن نے پوپ فرانسس کا روحانی وصیت نامہ بھی جاری کیا ہے۔

وصیت نامے میں پوپ فرانسس نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کی تدفین ویٹی کن میں واقع سینٹ پیٹرز باسیلیکا کے بجائے روم کے باسیلیکا آف سینٹ میری میجر میں کی جائے۔

پوپ نے بغیر کسی لقب کے اپنی تدفین صرف فرانسسکس کے نام سے کرنے کا کہا تھا، پوپ نے اپنی تدفین کے اخراجات کے لیے ایک گمنام شخص کا انتظام کیا تھا۔


مزید خبریں :