25 نومبر ، 2015
نیویارک........ عالمی ماحولیاتی تبدیلی سے دنیا کے 690 ملین بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں،یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال نے اپنی ایک رپورٹ ”ان لیس وی ایکٹ ناؤ“میں کہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کے 690 ملین بچے غربت اور امراض میں مبتلا ہو کر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو سکتے ہیں،خطروں کی زد میں آئے ہوئے 530 ملین بچے دنیا کے ان ممالک میں رہتے ہیں جو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب اور طوفانوں کی زد میں ہیں اور 160 ملین بچے ان ملکوں میںہیں جہاں شدیدقحط ہے۔
انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زراعت پر منفی اثرات مرتب ہونے سے بچے غذائی اور غذائیت کی قلت کا شکار ہیں اور دنیا کو پانچ سال کی عمر تک پہنچنے والے نصف بچے صرس اس وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی نے دنیا میں موجود عدم مساوات کو مزید گہرا کر دیا ہے،امیر اور غریب میں خلیج وسیع ہو رہی ہے ایسے میں دنیا کی حکومتوں کا کام قومی اور عالمی سطح پر ایک ہو کر گرین ہاؤسز گیسز کے اخراج کو کم کرنا ہے اگر اب بھی ایسا سنجیدگی سے نہ کیا گیا تو کل ہم افسوس میں ہاتھ ملنے کے سوا کچھ نہ کر سکیں گے۔