25 نومبر ، 2015
نئی دہلی.........بھارت میں مختلف ہندو تنظیموں نے عامر خان کے بیان کو بھارت کےخلاف قرار دیتے ہوئے انھیں پاکستان جانے کا مشورہ دے دیا ، ہندو مہاسبھا کے ایک رہنما نے کہا کہ عامر خان یا تو گھر واپسی کے تحت ہندو مذہب اپنا لیں یا پھر پاکستان چلے جائیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندو مہا سبھا کے نیشنل جنرل سیکریٹری منا کمار شرمانے کہا کہ یا تو عامر خان کو گھر واپسی کرلینی چاہیے تاکہ وہ لو جہاد جیسے جرم سے پاک ہو جائیں کیونکہ ان کی پہلی بیوی اور دوسری بیوی کرن را دونوں ہندو ہیں یا پھر وہ پاکستان جا کر بھارت کا بھلا کریں۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں عامر خان نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ بھارت میں عدم رواداری میں اضافہ ہوا ہے یہاں تک کہ ان کی اہلیہ کرن را نے ایک دن ان سے دوسرے ملک میں جاکر رہنے کی بات کہی تھی۔
دریں اثنا عامر خان کے گھر کے باہر شیو سینا کے چند کارکنوں نے مظاہرہ کرنے کی کوشش کی جنھیں پولیس نے فورا ہی ایسا کرنے سے روک دیا جبکہ بیان کے بعد سے عامر خان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف بھارت کے شہر کانپور میں ملک سے غداری کا ایک مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔