03 دسمبر ، 2015
لاہور.......وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی کھٹمنڈو میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہوئی، حکومت کی اس تردید کو عمران خان نہیں مانتے۔
آج انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو میں خفیہ ملاقات کی تفصیلات کا عوام کو پتا چلنا چاہیے، لیڈر وہی ہوتے ہیں جو نہ ڈرتے ہیں، نہ خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں انتخابی مہم چلانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی،لوگ خیبر پختونخواہ میں تبدیلی دیکھ کر خود ہی تحریک انصاف کو ووٹ دے دیں گے، لیڈر لیڈر ہوتا ہے نا جھکتا ہے نا بکتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں ساؤتھ ایشیا مڈل ایسٹ کونکلیو میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر شعبے میں میرٹ سسٹم لے آئے اور سیاسی مداخلت ختم کردے تو ملکی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر میں دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے لیڈر شپ کا مطلب ہے کہ گھبرانا نہیں چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر حکمرانوں نے پاکستان میں بندر بانٹ کی، کرپشن پر کسی ایک کو پکڑنے کی کوشش کی جائے تو سب اکٹھے ہو جاتے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کھٹمنڈو میں ہونے والی نواز مودی خفیہ ملاقات کی تفصیلات کا عوام کو پتہ چلنا چاہیے۔