03 دسمبر ، 2015
کراچی........لیاری کون فتح کرے گا، کس کی ہوگی جیت اور کون جائے گا ہار؟5 دسمبر کو لیاری پیپلزپارٹی کا قلعہ رہ سکے گا یا ہوجائے گا تبدیل؟
شہر میں مل کر الیکشن لڑنے والی تحریک انصاف اور جماعت اسلامی یہاں ایک دوسرے کے سامنے ہیں۔ لیاری میں انتخابی گہماگہمی جاری ہے۔کراچی کے ضلع جنوبی کی قدیم اور گنجان آباد بستی لیاری 15 یونین کمیٹیوں پر مشتمل ہے۔
لیاری کو پیپلزپارٹی کےسیاسی قلعے کی حیثیت حاصل ہے لیکن اس بار پیپلزپارٹی کو اپنے ہی گڑھ میں سخت مقابلے کا سامنا ہے، پیپلزپارٹی لیاری کی 10یونین کمیٹیوں میں ہی اپنے امیدوار میدان میں اتار سکی ہے۔
لیاری میں جماعت اسلامی آٹھ،مسلم لیگ ن11 اور تحریک انصاف14 یونین کمیٹیوں میں انتخابی دنگل میں موجود گی کا احساس دلارہی ہیں۔ شہر بھر میں اتحادی جماعت اسلامی اور تحریک انصاف دونوں لیاری کا معرکہ سر کرنے کیلئے مد مقابل ہیں۔اے این پی لیاری کی دو یونین کمیٹیوں کے انتخاب میں حصہ لے رہی ہے جبکہ ایم کیو ایم کا لیاری سے کوئی امیدوار نہیں۔
بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم نے لیاری کی رونقیں بحال کردی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ 5 دسمبر کو لیاری پھر سے پیپلزپارٹی کا گڑھ ثابت ہوتا ہے یا جماعت اسلامی،مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف لیاری میں تبدیلی لانے میں کامیاب ہوسکیں گی۔