پاکستان
19 دسمبر ، 2015

ملتان میں گارڈ منی چینجر سے رقم سے بھرا تھیلا لے کر فرار

ملتان میں گارڈ منی چینجر سے رقم سے بھرا تھیلا لے کر فرار

ملتان ......بلی کو دودھ کی رکھوالی پر لگایا تھا، پتا اس وقت چلا جب سیکیورٹی گارڈ، منی چینجر کے مالک کی رقم سے بھرا تھیلا لے کر رفو چکر ہو گیا، رقم بھی کوئی چھوٹی موٹی نہیں ، پوری ڈیڑھ کروڑ ۔

وہ جسے اپنی رقم کا محافظ بنایا تھا، وہی رقم لوٹ کر چلتا بنا، یہ واقعہ آج ملتان میں پیش آیا۔ملتان میں ایک منی چینجر ہر دوسرے تیسرے روز ایک بھاری رقم لے کر ڈیرہ غازی خان جاتا تھا، آج وہ حسب معمول اس رقم اور سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ جنرل بس اسٹینڈ پہنچا۔ بس کا ٹکٹ لیا اور ویٹنگ روم میں انتظار کرنے لگا۔

کچھ دیر بعد وہ واش روم جانے کے لیے اٹھا اور رقم کا تھیلا سیکیورٹی گارڈ کے پاس چھوڑ گیا، اب ذرا سیکیورٹی گارڈ کی پھرتیاں ملاحظہ کیجیے۔

گارڈ نے رقم کے مالک کو نظر سے غائب ہوتے دیکھا تو جھٹ اس کی نیت میں فتور آ گیا، اس نے پٹ سے تھیلا اٹھایا،باہر نکلا،ایک رکشہ رکوایا اور فٹا فٹ موقع سے فرار ہو گیا۔

مالک واپس آیا تو وہاں نہ تھیلا تھا نہ سیکیورٹی گارڈ۔ سی سی ٹی وی کیمرے سے فوٹیج ملی تو پتا چلا کہ رقم تو رقم کے محافظ نے ہی لوٹ لی۔

لٹنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس نے گارڈ کی خدمات ڈیڑھ ماہ پہلے ہی ایک نجی سیکیورٹی کمپنی سے حاصل کی تھیں۔ پولیس نے حسب ِ معمول رپورٹ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں :