دنیا
24 دسمبر ، 2015

امریکہ، داعش مخالف کارروائیوں پرہرروز ایک کروڑ ڈالر خرچ

امریکہ، داعش مخالف کارروائیوں پرہرروز ایک کروڑ ڈالر خرچ

کراچی… رفیق مانگٹ…عراق اور شام میں جاری داعش مخالف امریکی کارروائیوں پر اوسطاً ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر یومیہ خرچ ہورہے ہیں جبکہ ستمبر 2014 سے نومبر2015 تک کی درمیانی مدت میں ان کارروائیوں پر 5کھرب62ارب روپے یعنی 5اعشاریہ 36ارب ڈالر خرچ ہوئے۔

امریکی اخبار’واشنگٹن پوسٹ‘ نے پینٹاگون سے جاری ایک رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ ستمبر 2014 سے نومبر2015 تک خرچ ہونے والی رقم اوسطاً ایک ارب15کروڑ 24لاکھ روپے یومیہ بنتی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی رقم میں سے نصف صرف فضائی آپریشن پرخرچ ہوئی جبکہ ایک ارب26کروڑ ڈالر گولہ بارود پر خرچ ہوئے۔ باقی اخراجات لاجسٹکس سپورٹ اور تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوئے۔داعش کے خلاف امریکی آپریشن کے کل اخراجات میں13فی صد بری،11بحریہ،7فیصداسپیشل آپریشن کمانڈ اور69فیصد فضائیہ نے خرچ کئے۔

داعش کے خلاف امریکا نے8ہزار 9سو 12فضائی حملے کئے جن میں سے دو تہائی کارروائیاں عراق اور باقی شام میں کی گئیں۔ ان دونوں ممالک میں زیادہ تر کارروائیاں امریکی طیاروں سے کی گئیں۔ ہر فضائی کارروائی میں کئی طیاروں نے حصہ لیا اور ان حملوں کے لئے امریکی طیاروں نے60ہزار 7سو 35 مرتبہ اڑان بھری۔

براوٴن یونیورسٹی کی تحقیق کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش کے خلاف مذکورہ کارروائیوں کے مقابلے میں افغانستان،عراق اور پاکستان میں جنگی کارروائیوں پر امریکا نے 2014تک 4اعشاریہ4ٹریلین ڈالر خرچ کیے جبکہ تین ممالک میں امریکا کے کل جنگی اخراجات کا سود 2053ء تک سات ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرجائے گا۔

مزید خبریں :