24 دسمبر ، 2015
واشنگٹن .......امریکی ریاستوں منیسوٹا اور کیلیفورنیا میں بلیک لائیوز میٹر (سیاہ فام زندگیاں بھی قیمتی ہیں) نامی گروہ کی جانب سے خریدوفروخت کے لیے سال کے سب سے اہم دن پر مظاہرے کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق منی سوٹا میں مظاہرین نے عارضی طور پر بین الاقوامی ہوائی اڈہ بند کردیا جبکہ معروف شاپنگ مال” مال آف امریکا“ میں بھی کرسمس کی خریداری میں رکاوٹیں ڈالیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جگہوں سے مجموعی طور پر 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر افراد پر غیر قانونی داخلے اور امن وامان کی صورتحال میں خلل ڈالنے کا الزام ہے۔
مظاہرین میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت پر غم و غصہ پایا جاتا ہے۔جمار کلارک کو گذشتہ ماہ پولیس نے اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ حملہ کرنے کی شکایت پر جائے وقوعہ پہ پہنچے تھے۔ یہ امریکہ میں حالیہ دنوں میں اس نوعیت کے پیش آنے والے کئی واقعات میں سے ایک واقعہ ہے۔شمالی امریکہ کے سب سے بڑے شاپنگ مال میں کیے جانے والے مظاہرے میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔
مظاہروں کے دوران سکیورٹی سخت تھی اور پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ کیلی فورنیا شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک اہم شاہراہ پر جنوب کی جانب جانے والے ٹریفک کو روکنے والے آٹھ مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔