28 دسمبر ، 2015
نیو دہلی......بھارتی دارلحکومت دہلی کے ایک کالج کے باہر سے طالبہ کو دن دیہاڑےاغواء کرلیا گیا۔ واردات سی سی ٹی وی کیمرے پر ریکارڈ بھی ہوئی۔
ریپ کیپٹل کہلانے والے دہلی کے ماتھے پر ایک اور جرم تحریر ہوگیا، کالج کی طالبہ دن دیہاڑے اغواء کرلی گئی، بھرے شہر میں کوئی مدد کو نہ آیا۔
خواتین کے عدم تحفظ کا تازہ واقعہ پیش آیا دہلی کے قریب گڑ گاؤں میں،جب دو ملزمان سفید رنگ کی گاڑی میں کالج کے باہر سے طالبہ کو زبردستی اغواء کرکے لے گئے۔
ملزمان نے طالبہ کو گھسیٹ کر گاڑی میں ڈالا، عینی شاہدین کے مطابق لڑکی مدد کے لیے پکارتی رہی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر گاڑیوں کا کافی رش تھا، لیکن اتنی پبلک ہونے کے باوجود کوئی لڑکی کی مدد نہ کرسکا۔
عینی شاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ سفید رنگ کی اس کار پر لائسنس پلیٹ نہیں تھی۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ساڑھے نو بجے پولیس کنٹرول روم کو لڑکی کے اغواء کی اطلاع دی گئی تھی۔