پاکستان
06 جنوری ، 2016

گوجرانوالہ:فیکٹری میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق،30 زخمی

گوجرانوالہ:فیکٹری میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق،30 زخمی

گوجرانوالہ......گوجرانوالہ کے علاقے کھیالی میں قائم فیکٹری میں سلنڈر دھماکاکے نتیجے میں فیکٹری کے ایک حصے کی چھت ودیواریں گر گئيں اور آگ بھڑک اٹھی ، ایک شخص جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔

چھت کے ملبے تلے دبے 15 افراد کو نکال لیا گيا، مزید افراد کے دبےہونےکاخدشہ ہے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

گوجرانوالہ کی بلال گنج مارکیٹ میں سرامکس بنانے والی فیکٹری میں گیس کاسلنڈر دھماکا ہوا۔ دھماکے سے فیکٹری کی چھت گر گئی اور آگ لگ گئی، ملبے تلے متعدد افراد دب گئے، دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر 3خواتین سمیت 31 افراد کو ملبے سے نکالا اور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ 8 شدید زخمیوں کو میو اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔

ایس پی سٹی طاہر مقصود کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیس سپلائی لے کر آنے والے ٹرک میں موجود سلنڈر سے گیس لیک ہوئی، جس کے باعث پہلے آگ لگی اور پھر دھماکا ہوگیا۔دھماکے کے بعد زیادہ تر مزدور باہر نکل گئے اور چھت پر موجود افراد نے گلی میں چھلانگ لگادی۔

پولیس نے فیکٹری منیجر جاوید کو حراست میں لے لیا ہےجبکہ فیکٹری مالک عارف فرار ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :