30 مئی ، 2012
پشاور… پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عمر گل کے بھائی کے کلینک پر زخمی شدت پسندوں کی موجودگی کے شبہ پر حساس اداروں نے چھاپہ مارا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پشاور کے نواحی علاقہ نواں کلے میں واقع گل کلینک پر حساس اداروں اور خاصہ دار فورس نے کاروائی کی۔ کلینک کے مالک اور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹرعمر گل کے بھائی معراج گل پر الزام تھا کہ ان کے کلینک میں خیبر ایجنسی کے زخمی شدت پسندوں کاعلاج کیا جارہا ہے۔ تاہم اطلاع غلط ثابت ہوئی۔ معراج گل سے کچھ دیر پوچھ گچھ کی گئی تاہم شواہد نہ ملنے پر ان سے معذرت بھی کی گئی۔ کاروائی کی تصدیق مقامی پولیس نے بھی کی۔ خیبر ایجنسی کی خاصہ دار فورس ذرائع کے مطابق عمر گل کے بھائی کے کلینک پر چھاپہ ولی خان آفریدی نامی شدت پسند کی گرفتاری کیلئے مارا گیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ ولی خان عمر گل کا چچا ہے ۔اور اس کا تعلق خیبر یجنسی کی کالعدم تنظیم لشکر اسلام سے ہے۔تاہم یہ تصدیق ہونے کے بعد کہ عمر گل کے کسی رشتے دار کا تعلق کالعدم تنظیم سے نہیں ہے معاملہ ختم ہو گیا۔