30 مئی ، 2012
چنیوٹ … چنیوٹ میں محبت میں ناکامی پر نوجوان نے خاتون اور اس کی چار سالہ بیٹی پر تیزا ب پھینک دیا۔ تھانہ بڑانہ کے علاقہ اڈاہ شیخن کی رہائشی طاہرہ رخسانہ بیس سال سے اپنے دو بچوں کے ہمراہ گھر میں ا کیلی رہ رہی ہے جبکہ اسکا شوہر محمد خالدکئی عرصے سے امریکہ میں مقیم ہے۔ ذرائع کے مطابق طاہرہ کا پڑوسی جاوید اس سے محبت کرتا تھا اور محمد خالد سے طلاق لینے کا مطالبہ کررہا تھا جس پر طاہرہ کے والدین تیار نہیں تھے۔ آج جب طاہرہ اپنی چار سالہ بیٹی کے ساتھ بازار جارہی تھی تو جاوید نے اپنے دوساتھویں کے ساتھ مل کر اس پر تیزاب پھینک دیا ، جس سے طاہرہ کا مکمل بازو اور جسم کے کچھ حصے جبکہ اس کی بیٹی کا پیٹ اور دیگر اعضاء بری طرح جھلس گئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر ماں بیٹی کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔ تاہم کسی ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔