12 فروری ، 2016
کراچی.......ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہےکہ حکمرانوں کو دہرا معیار ختم کرنا ہوگا،پاکستان میں سب کے لیے یکساں قانون نہیں ہے۔ وہ کراچی میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
ڈاکٹر فاروق ستارنے پریس کانفرنس میں سوال کیا کہ پاکستان میں صحیح معنوں میں آئین اور قانون کی حکمرانی کب نافذ ہوگی،؟ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا دعویٰ کیا جاتا ہے کہ پاکستان جمہوری ملک ہے، کیا پاکستان ملک میں جاری دو عملی یا دہرےمعیار کا متحمل ہوسکتا ہے؟
ڈاکٹرفاروق ستار سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا ایم کیوایم کےبلدیاتی نمائندےاس وقت تک حلف نہیں اٹھائیں گے جب تک ایم کیوایم کے قائد پر عائد پابندی ختم نہیں ہوتی؟ فاروق ستار نے صحافی کو برجستہ جواب دیا کہ کیا آپ کو یہ سوال قائم علی شاہ نے دے کر تو نہیں بھیجا؟
فاروق ستار نے پھر پوچھا کہ کیا اظہار رائے کی آزادی سب کے لیے نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر رہنما کو اظہار رائے کا حق ہے اور ہر رہنما کو یہ حق ملنا چاہیے۔