پاکستان
12 فروری ، 2016

لاہور میں گرفتار تین ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور میں گرفتار تین ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور......لاہور میں سی آئی اے پولیس نے سی سی پی او کی پریس کانفرنس میں پیش کیے گئے تین ڈاکو اگلے ہی روز مبینہ مقابلے میں مار ڈالے۔

تینوں ڈاکوؤں کو رات کے اندھیرے میں شہر سے باہر لے جا کر مارا گیا جبکہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم ابھی تک نہیں ہو سکا، نا ہی ڈاکوؤں کے لواحقین نے پولیس سے رابطہ کیا ہے۔

بدھ کو سی سی پی او لاہور نے ڈاکوؤں کی گرفتاری پر ہنگامی پریس کانفرنس کی، مقابلے میں مارے جانے والے تینوں ڈاکو شاہد عرف علی نائنٹی، عدیل اور حمزہ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

اگلے روز، جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب، پولیس کنٹرول پر کال چلی کہ شاہد عرف علی نائنٹی دو ساتھیوں عدیل اور حمزہ کے ساتھ لکھوڈیر کے علاقے میں سی آئی اے اقبال ٹاؤن کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا ہے۔ پولیس نے آناً فاناً تینوں کی لاشیں مردہ خانے میں جمع کرائیں اور میڈیا سے چھپتے چھپاتے گاڑی بھگا کر لے گئے۔

پولیس نے مقابلے کی روایتی کہانی سنائی، کہا مسروقہ مال کی برآمدگی کے لیے لے جا رہے تھے، ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مارے گئے۔

مقابلے کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ رات کے اندھیرے میں فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر جاری رہا، لیکن نہ تو کسی پولیس والے کو خراش آئی نہ ہی کوئی گولی پولیس وین کو چھونے میں کامیاب ہو سکی۔

مزید خبریں :