04 جون ، 2012
کوئٹہ… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور ملک کو درپیش مسائل میں سیکیورٹی اہم ترین مسئلہ ہے۔ وہ کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی کے چیلنجز سے کبھی غافل نہیں ہوئے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے کر دیگر ممالک کوبچایا،ہزاروں بہادروں نے ملکی سلامتی کیلئے قربانیاں دیں، ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی اور قومی استحکام لازم و ملزوم ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان سمیت کئی ممالک متاثر ہوئے، تیل کی قیمت میں اضافے نے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو متاثر کیا، غذائی اشیاء کی قیمتیں دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، ہمیں آئی ایم ایف سے قرضے اس شرط پر ملے کے بجلی کے نرخ بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی جی ڈی پی میں اضافہ ہوا، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں 13ارب ڈالر تک اضافہ ہوا، حکومت ملکی وسائل عوام کیلئے بروئے کار لائے گی، اداروں کو مل کر عوام کی فلاح کیلئے کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بارشوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 3ارب روپے خرچ کئے، مہنگائی کی شرح کو بھی سنگل ڈجٹ تک لائیں گے۔