پاکستان
24 فروری ، 2016

نظر بندی کا ماہرلٹیرا خود حوالات میں بند ہو گیا

نظر بندی کا ماہرلٹیرا خود حوالات میں بند ہو گیا

کراچی......کراچی کے علاقے حسین آباد میں نظر بندی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والا جعلساز گرفتار کرلیا گیا۔ملزبینک سے پیسے لے کر جانے والے شہری سے رقم لوٹ کر فرار ہورہا تھا کہ پکڑا گیا۔

ملزم شاہ فیصل کالونی میں بھی خاتون سے 86 ہزار روپے ہتھیا چکا ہے۔حوالات میں منہ چھپائے بیٹھا جعلساز گزشتہ روز حسین آباد کے علاقے سے شہری کو لوٹتے ہوئے پولیس کے ہاتھوں دھرلیا گیا۔

نظر بندی کا ماہر ملزم غلام علی بینک میں رقم نکلوانے والے شہریوں سے ملتا اور چند ہی سیکنڈ میں اپنی چکنی چپڑی باتوں میں انہیں الجھا کر لوٹ کر رفو چکر ہوجاتا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز بھی شہری سے نظر بند ی کے ذریعے ایک لاکھ 40 ہزار روپے اینٹھ لیے جو اس کے ساتھی لے کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنا نام سید غلام علی اور تعلق ایران سے بتاتا ہے تاہم وہ کوئی بھی شناختی دستاویز فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ملزم کی فوٹیج ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد ایک اور متاثرہ خاتون نے بھی پولیس سے رجوع کرلیا، خاتون کے مطابق ملزم اس سے شاہ فیصل کالونی میں 86ہزار روپے ہتھیا چکا ہے، ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ اس قسم کے افراد انتہائی چرب زبان ہوتے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے ساتھی بھی ہوتے ہیں جو شکار کو یہ باور کراتے ہیں کہ ان کے پیسے دگنے ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :