07 جون ، 2016
بلاول نے بجٹ کو پنجابستان کا ون یونٹ بجٹ قرار دے کر مسترد کردیا۔ طلال چوہدری نے بلاول کے بیان کو مسترد کیا۔قمر زمان کائرہ نے پارٹی چیئرمین کو نصیحت کر دی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج کریز سے نکل کر اسٹروک کھیلا لیکن اس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اپنی ہی پارٹی کے رہنما نے ناگواری کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ پنجابستان کے لیے بنایا گیا ون یونٹ بجٹ مسترد کرتے ہیں، یہ بجٹ وفاق کو توڑنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے پنجابستان کے لفظ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سارے صوبوں کی جماعت ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی گفتگو میں اس بات کا شائبہ نہیں آنے دینا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو پنجاب سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتے ہیں۔