08 جون ، 2016
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس سال مون سون بارشوں کی شدت پچھلے کئی سالوں کی نسبت کہیں زیادہ ہوگی اور مون سون کا دورانیہ 3 ماہ تک ہو سکتا ہے،گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کے خدشات بھی موجود ہیں ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونے والا مون سون ستمبر تک اختتام پذیر ہو گا جس کے باعث شدید بارشیں سیلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق برسات کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں خوب بارشیں ہو گی ،دوسرے مرحلے میں کشمیر، خیبر پختونخوا، پنڈی ڈویژن ، گوجرانوالہ ڈویژن اور میانوالی ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے مون سون کا سلسلہ بڑھتا ہوا سندھ تک پھیل جائے گا اور رواں سال تھر میں بھی جل تھل ہو گا۔
گلگت بلتستان میں جولائی میں شدید گرمی سے گلیشیئرز پگھلیں گے، شدید مون سون اور گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کی تباہ کاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مون سون زیادہ شدید ہونے کی وجہ النینو کا اختتام پذیر ہونا بتایا جاتا ہے اور گرمی کی شدت بھی مون سون کی شدت میں اضافہ کرتی ہے ۔