10 جون ، 2012
لندن… معروف بر طانوی صحافی کرسٹنا لیمب نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ'' فیملی گیٹ''اسکینڈل کو بریک کرنے کے لئے ملک ریاض نے ان سے رابطہ کیا تھا۔بیورو چیف سن ڈے ٹائمز کرسٹنا لیمب نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان وضاحت کی ہے کہ پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے بنائے گئے منصوبے جس میں طے کیا گیا تھا کہ افتخار چوہدری کے دورہ لندن کے موقع پر جو انٹرنیشنل جیورسٹ ایوارڈ کے حصول کے لئے تھا، اسی دوران ان کے فرزند ارسلان افتخار کے خلاف معاملات کو بڑے انداز میں بذریعہ میڈیا سامنے لایا جائے اور ان کی شخصیت کو متاثر کیا جائے''میں نہیں جانتی کہ یہ منصوبہ کہاں سے شروع ہو ا تاہم میں وضاحت کرنا ضروری سمجھتی ہوں کہ اس نوعیت کی خبر کو کسی خاص موقع پر بریکنگ کی صورت میں شائع کرنے کے منصوبے کی تکمیل کے لئے مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔میری ذات سے متعلق ایسا کوئی مطلوبہ مقصد کے حوالے سے رپورٹیں بالا ہی بالا ہیں حقیقت سے اس بات کا تعلق نہیں ہے۔واضح رہے کہ ارسلان افتخار پر ملک ریاض سے40کروڑ روپے وصول کرنے کا الزام ہے جس کی ارسلان نے تر دید کی ہے۔