پاکستان
19 جولائی ، 2016

آرمی چیف کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو مبارکباد

آرمی چیف کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو مبارکباد

 


آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کو فون کرکے ان کے صاحبزادے اویس شاہ کی بازیابی کی مبارک باد دی ہے۔


واضح رہے کہ اویس شاہ کو ٹانک کے علاقے سے دہشت گردوں سے بازیاب کرا کے کراچی پہنچادیا گیا ہے۔آرمی چیف نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو فون کر کے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے بیرسٹر اویس شاہ کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال نے ان کی رہائشگاہ پر پہنچایا۔


اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ نے اپنی رہائش گاہ پربیٹے اویس شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کی بازیابی میں پاکستان آرمی، حکومت پاکستان اور حساس اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔


جسٹس سجاد علی شاہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مجھے بتایا کہ انہوں نے اس واقعے کی خود ذاتی طور پر نگرانی کی، میرے بیٹے کی بازیابی میں پوری قوم کی دعائیں شامل ہیں، لیکن اس میں کون سا گروہ ملوث تھا اس حوالے سے ابھی تک کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔


چیف جسٹس کے بیٹے کی بازیابی کے بعد انہیں دوستوں اور رشتہ داروں کی جانب سے مبارکبادوں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

مزید خبریں :