پاکستان
19 جولائی ، 2016

شریف خاندان کی بادشاہت ختم ہونیوالی ہے، عمران خان

شریف خاندان کی بادشاہت ختم ہونیوالی ہے، عمران خان

 


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی بادشاہت کے دن ختم ہونے والے ہیں، ملک میں ایسی جمہوریت لائیں گے جس کی حفاظت عوام کریں گے۔


میرپور آزادکشمیر کے علاقے کھڑی شریف میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہے وہاں کرپشن کیسے ختم ہوگی،ایک شخص تقریر کرتا ہے اور لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح سنتےہیں۔


انہوں نے اپنے خطاب میں یہ قصہ سنایا کہ یہاں کے لیڈرز پر مجھے یاد آجاتا ہے کہ ایک دفعہ گدھا بھیڑ بکریوں کے سامنے کالی کوٹھی پہن کر تقریر کرتا ہے، بھیڑ بکریوں کو گدھا کہتا ہے کہ میرے بہنو، بھائیو! ملک کو آپ کی قربانی کی ضرورت ہے، وہ بے چاری بکریاں بھی ڈری ہوتی ہیں اور کالے بکرے بھی ڈرتے ہیں کہ صدقہ بھی کالے بکرے کا دیا جاتا ہے، وہ گدھا کہتا ہے کہ بہنو، بھائیو! پھر سے آپ کی قربانی لینے آیا ہوں اور پھر کہتا ہے میری قربانی جائز نہیں میں تو گدھا ہوں۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، مگر مجھے اچھا وقت نظر آرہا ہے،ایسی جمہوریت لائیں گے جس کی حفاظت عوام کریں گے، ہم وہ جمہوریت لائیں گے جس کی حفاظت عوام کریں گے، عوام جمہوریت کی حفاظت کرتے ہیں۔


عمران خان نے کہا کہ کشمیر میں آزاد احتساب سیل بنائے گئے، بلدیاتی انتخابات کرائیں گے اور لوگوں کو نچلی سطح پر اختیارات دیں گے،خواتین اور نوجوانوں میں جنون آزاد کشمیر میں تبدیلی کا آغاز ہے ۔


چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کا ایک چھوٹا سا طبقہ منی لانڈرنگ کرکے پاکستانیوں کا پیسا ملک سے باہر بھیجتا ہے، کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے 3سال میں 6ہزار ارب روپے قرض لیا،وزیراعظم کا بیٹا لندن میں ساڑھے 6ارب روپے کے گھر میں رہتا ہے۔

مزید خبریں :