14 جون ، 2012
واشنگٹن ... دنیا کے 21 میں سے 17 ملکوں میں عوام کی اکثریت نے امریکی ڈرون حملوں کی مخالفت کردی ہے یہ بات امریکی ادارے Pew ریسرچ سینٹر کی طرف سے کئے گئے رائے عامہ کے عالمی سروے میں سامنے آئی۔ سروے میں بیرون ملک امریکا کی یک طرفہ کارروائیوں بالخصوص ڈرون حملوں ، امریکا کی ساکھ اور پالیسیوں پر لوگوں کی رائے لی گئی۔ سروے کے نتائج سے پتہ چلا کہ 21 میں 17 ممالک میں 50 فیصد سے زائد لوگ ڈرون حملوں کے خلاف ہیں۔ امریکا میں عوام کی اکثریت ڈرون حملوں کی حامی ہے جبکہ پاکستان میں صرف 7 فیصد لوگ صدر اوباما کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔ سروے کے نتائج سے پتہ چلا کہ بڑے پیمانے پر لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ امریکا یک طرفہ کارروائیاں کرتا ہے اور دوسرے ممالک کے مفادات کو خاطر میں نہیں لاتا۔ سروے کے مطابق دہشت گردی کے خلاف امریکا کی کوششیں مسلمان ممالک میں انتہائی غیر مقبول ہیں۔ امریکی حکومت نے اس سروے کے نتائج پر کسی فوری رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔