پاکستان
14 جون ، 2012

اساتذہ کی بھرتیاں ایڈہاک نہیں مستقل بنیادوں پر کی جانی چاہئیں، نثار کھوڑو

اساتذہ کی بھرتیاں ایڈہاک نہیں مستقل بنیادوں پر کی جانی چاہئیں، نثار کھوڑو

کراچی … سندھ اسمبلی اسپیکر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو تعلیم کیلئے بہتر مواقع فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی بھرتیاں ایڈہاک نہیں مستقل بنیادوں پر کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے یہ بات محکمہ تعلیم سندھ کے تحت معیار تعلیم کی بہتری کیلئے اساتذہ کا کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کہی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ نظام تعلیم کی مانیٹرنگ کی ضرورت ہے جبکہ پرانے اور خستہ حال اسکولوں کی بحالی سمیت نئے اسکول قائم کئے جانے چاہئیں۔ سیمینار سے خطاب میں سندھ کے سینئر وزیر برائے تعلیم پیر مظہر الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نظام تعلیم کو بہتر بنانے اور اساتذہ کی تربیت کو اہمیت دے رہی ہے، تعلیم کے شعبے میں انفراسٹریکچر اور نظام تعلیم کی بہتری کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں پرائمری کی سطح پر 25 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں لیکن 24 لاکھ بچے ایسے بھی ہیں جو اسکول نہیں جاتے، صوبے میں پرائمری اسکول تو موجود ہیں لیکن سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی تعداد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ایک ایسا نظام مرتب کیا جا رہا ہے جس میں تعلیم کے بعد اساتذہ کو ٹیچنگ لائسنس جاری کئے جائیں گے۔ سندھ کے وزیر برائے امور نوجوانان فیصل سبزواری نے کہا کہ اساتذہ کو سیاسی کارکن نہیں بلکہ تعلیم یافتہ ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ صوبے کے وسائل کے مطابق بنایا جائے اور تعلیم کے شعبے میں مختص رقم درست طریقے سے خرچ کی جانی چاہئے۔

مزید خبریں :