15 جون ، 2012
اسلام آباد… صدرآصف علی زرداری سے وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ون آن ون ملاقات کے دوران ملک میں ہونے والے حالیہ واقعات خصوصا اعلی عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات بارے مشاورت کی گئی۔اس دوران اعلی عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات اور ارسلان افتخار کیس میں اٹارنی جنرل کو دی گئی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے مسلسل پانچواں بجٹ منظور کرنے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کے ساتھ جمہوریت کی بھی کامیابی ہے۔ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات ،حکومتی کارکردگی اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ اتفاق کیا گیا کہ مفاہمتی پالیسی جاری رہے گی۔ذرائع نے بتایا کہ اس دوران امریکہ کے ساتھ تعلقات اور نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔