15 جون ، 2012
کراچی … پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشت گردوں اور 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق میٹروو ل سائٹ ایریا سے کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے کراچی سے ٹرانسپورٹرز کو اغواء کر کے تاوان کیلئے سرحدی علاقوں میں بھیجنے کا انکشاف کیا ہے۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ خرم وارث نے جیو نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزمان اول خان، فضل قیوم، مستقیم اور وزیر بادشاہ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان طارق آفریدی گروپ سے ہے، جو فورسز پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف اغواء برائے تاوان اور بھتا وصولی کے 18 مقدمات درج ہیں ، گرفتار ملزمان نے پاک کالونی میں 4 افراد کو لسانی بنیادوں پر قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ دوسری جانب اولڈ سٹی ایریاز میں پولیس نے کارروائیوں میں 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لئے۔ ایس ایس پی ساوٴتھ زون آصف اعجاز شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ لیاری اور کھارادر سمیت اولڈ سٹی ایریاز میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کر کے 4مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4دستی بم، تین 7ایم ایم رائفلز، 4 نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔ آصف اعجاز نے مزید بتایا کہ ملزمان کا تعلق سیاسی اور کالعدم تنظیموں سے ہے اور یہ ٹارگٹ کلنگ کی 20سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔