15 جون ، 2012
پیرس … پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن عروج پر ہے جس کی وجہ سے آئے دن کوئی نہ کوئی طوفان اٹھ کھڑا ہوتا ہے، ارسلان کیس کی آڑ میں عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ پیرس میں سینئر رہنما ملک ذوالفقار کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ملک ریاض نے اس ادارے کے خلاف محاذ کھڑا کردیا ہے جس پر پوری قوم کی نظریں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ارسلان نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے اس کی سزا ملنی چاہئے نہ کہ اس کی آڑ میں عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی جائے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ ملک ریاض کو ٹیلی وژن کی حد تک جانتے ہیں، اس سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف کا موٴقف بالکل واضح ہے اور سوائے عمران خان کے سارے سیاستدان ملک ریاض کے دوست ہیں، اسی لئے ملک ریاض کو ہر جگہ پر اتنا پروٹوکول حاصل ہوتا ہے، اس سلسلے میں سب کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی۔ جاوید ہاشمی کا دعویٰ تھا کہ اگر ان کی جماعت برسر اقتدار آگئی تو وہ 90 دن میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔