15 جون ، 2012
کراچی … آئی جی سندھ نے تاجروں کی جان و مال کی حفاظت کا ایک اور وعدہ کرلیا، تاجروں نے بھی ٹھان لی ہے کہ وعدہ وفا نہ ہوا تو کاروبار بند کرکے چابیاں وزیر اعلیٰ سندھ کے حوالے کر دیں گے۔ آل کراچی انجمن تاجران کی پریس کانفرنس میں انجمن کے صدر حاجی ہارون نے بتایا کہ آئی جی سندھ مشتاق شاہ نے جنوبی کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں 1500 پولیس اہلکار تعینات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مارکیٹ کے نمائندگان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو ہر ہفتہ ان سے ملاقات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تاجروں نے خود بھی اپنی حفاظت کیلئے 500 نجی سیکیورٹی گارڈز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حاجی ہارون چاند نے کہا کہ اب بھتے کی کالیں اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک سے بھی آنا شروع ہوگئی ہیں، حکومت کم از کم ملک کے اندر غیر قانونی سمز پر پابندی لگائے۔